محکمہ ثقافت بلوچستان کی جانب سے شارٹ فلم فیسٹیول کا انعقاد

103

فیسٹول کا انعقاد محکمہ ثقافت بلوچستان کی جانب سے کیا جارہا ہے جس میں بلوچستان بھر سے نوجوان اپنی شارٹ فلمز اور ڈکومنٹریز کے زریعے بلوچستان کے ثقافت اور مسائل کو اجاگر کریں گے۔

دی بلوچستان پوسٹ ویب ڈیسک کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق محکمہ ثقافت بلوچستان کی جانب سے اپنی نوعیت کے پہلے شارٹ فلم اور ڈکومنٹری فیسٹیول کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں بلوچستان بھر سے نوجوانوں سے ان کی تخلیقات طلب کی گئی ہیں۔

فیسٹیول کا مقصد  آرٹ اور فلم کے شعبے سے وابستہ نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے ساتھ بلوچستان کے ثقافت اور حقیقی مسائل کو دنیا کے سامنے لانا ہے۔

میڈیا سے بات چیت  کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ ثقافت بلوچستان داؤد ترین کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں صرف ان کو ایک مناسب پلیٹ فارم کی ضرورت ہے جو اس فیسٹیول کے زریعے انھیں فراہم کیا جارہا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس فیسٹیول میں بلوچستان کے نوجوان بلوچستان کی ثقافت،سیاحتی مقامات،آثار قدیمہ سمیت سماجی مسائل پر اپنی شارٹ فلمز اور ڈکومنٹریز ہمیں 20 مارچ تک  بھیج سکتے ہیں۔

داؤد ترین نے بتایا کہ فیسٹول میں منتخب ہونے والی فلموں کی اسکریننگ بھی ہوگی جس کے بعد مقابلے میں پوزیشنز حاصل کرنے والی فلموں کو پرکشش انعامات بھی دئیے جائیں گے۔