تمام پڑوسی ممالک ہمارے دشمن اور چین بھی ناراض ہوگیا ہے – مولانا فضل الرحمن

321

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ یہ کیسی خارجہ پالیسی ہے جس میں تمام پڑوسی ممالک ہمارے دشمن بن گئے ہیں۔ یہاں تک کہ چین بھی ناراض ہے۔

مردان میں ملین مارچ سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ایران ہم پر حملہ کرنے کی باتیں کررہا ہے۔ بھارت حملے کا الزام لگارہا ہے اور ڈیورنڈ لائن پر بھی اختلافات بڑھ گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قرضے اور بھیک مانگنے سے ملک نہیں چلے گا۔ ہم جعلی مینڈیٹ کو تسلیم نہیں کرتے۔ پاکستانی روپے کی قدر موجودہ حکومت نے تباہ کردی ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جب تک نیب اپوزیشن کے لوگوں کو پکڑ رہا تھا تو اچھا ادارہ تھا۔ جب نیب کے شکنجے میں حکومت آئی تو کہا نیب اپنے اختیارات سے تجاوز کررہا ہے۔۔

واضح رہے کہ ایران کے پاسداران انقلاب پر حملے اور پلوامہ میں بھارتی فورسز پر دھماکے کے بعد دونوں ممالک کی جانب سے پاکستان کے بارے میں سخت بیانات سامنے آئے ہیں۔

ایرانی قیادت نے دھمکی دی ہے کہ پاکستان نے دہشت گرد گروہ جیش العدل کے خلاف کارروائی نہیں کی تو ہم خود حملہ کریں گے۔ ایران کا الزام ہے کہ جیش العدل پاکستانی سرحدی علاقہ استعمال کر رہی ہے جبکہ پاکستان نے ان الزامات کی سختی سے تردید کی ہے۔