بولان: ٹریفک حادثات میں 1 شخص جانبحق، بچے سمیت درجنوں زخمی

161
مچھ ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ، چھٹی پر جانے والے تمام اسٹاف کو طلب کرلیا گیا۔
دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ضلع بولان میں پیش آنے والے مختلف ٹریفک حادثات میں ایک شخص جانبحق اور بچے سمیت درجنوں افراد زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سبی اجتماع کے اختتامی دعا کے بعد ٹریفک کی صورتحال دربرہم ہوگئی، ہزاروں گاڑیاں بری طرح پھنس کر رہ گئی۔ ڈھاڈر میں موٹر سائیکلوں میں تصادم کے باعث کوئٹہ کا رہائشی جانبحق ہوگیا جبکہ گوگرت، مچھ اور بولان قومی شاہراہ پر حادثات کے نتیجے میں بچے سمیت درجن کے قریب افراد زخمی ہوگئے۔
سول ہسپتال مچھ کے ڈاکٹر زین العابدین سمالانی کے مطابق گوگرت میں پک اپ اور موٹر سائیکل میں تصادم کے نتیجے میں کوئٹہ کا رہائشی ظاہر حسین بنگلزئی اور گوگرت میں ایک اور حادثے میں کار اور موٹر سائیکل میں تصادم کے نتیجے میں زخمی ہونے والے دو سگے بھائی محمد اسحاق اور حسین اللہ کو شدید نوعیت کے چوٹیں آئی تھیں جس کی وجہ سے ان کی حالت تشویشناک ہیں جہنیں مچھ ہسپتال میں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد کوئٹہ منتقل کردیا گیا جبکہ معمولی زخمیوں کو مچھ ہسپتال میں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد فارغ کیا گیا۔
ڈاکٹر زین العابدین سمالانی نے بتایا کہ مچھ ہسپتال میں ٹریفک حادثات کے پیش نظر ڈی ایچ او کچھی کی ہدایت پر ایمرجنسی نافذ کردیا گیا ہے اور چھٹی پر جانیوالے تمام اسٹاف کو ڈیوٹی پر طلب کیا گیا۔