کوہلو : نمونیا کی بیماری سے 3 بچوں سمیت 4 افراد جانبحق

230

بلوچستان کے ضلع کوہلو میں نمونیا پھیلنے سے تین بچوں سمیت چار افراد جاں بحق جبکہ تیس سے زائد افراد بیمار ہوئے ہیں۔

دی بلوچستان پوسٹ ویب ڈیسک کو ملنے والی اطلاعات  کے مطابق صوبائی وزیر صحت نصیب اللہ مری کے آبائی علاقے کوہلو کی تحصیل میوند کے علاقے ہڑباور تمبیل میں سردی کی شدت کے باعث نمونیا کی بیماری پھیل گئی ہے اور گذشتہ دو ہفتوں کے دوران شدید بخار،کھانسی اور پھیپڑوں میں انفیکشن کے باعث چار افراد کی موت ہوچکی ہے ان میں تین بچے بھی شامل ہیں جبکہ 15 بچوں اور 8 خواتین سمیت 30 افراد بیمار ہوگئے ہیں۔ متاثرہ افراد کو بخار، کھانسی اور سانس لینے میں دقت کی شکایت ہے۔

مقامی صحافیوں نے بتایا ہے کہ علاقہ مکینوں نے اس پہاڑی علاقے میں ڈاکٹرز اور ادویات نہ ہونے کی شکایت کی ہیں۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اس جدید دور میں تنبیل اور ہڑب کے لوگ تمام تر بنیادی سہولیات سے محروم ہیں اورلوگ اپنے مریضوں کا علاج اب بھی قدیم طریقہ کار کے مطابق بکرے کی کال پہنا کر کرتے ہیں۔

علاقہ مکینوں کیلئے مریضوں کو 75 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرکے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پہنچانے میں مشکلات درپیش ہیں۔