ڈیرہ غازی خان:طلباء ایکشن کمیٹی کی تقریب حلف برداری

146

بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی ڈیرہ غازی زون کی تقریب حلف برداری کا پروگرام ڈیری غازی خان میں منعقد ہوا۔

تقریب  میں بلوچ دانشور اللہ بخش بزدار، مرکزی چیئرمین ڈاکٹر نواب بلوچ اور مرکزی ورکنگ کمیٹی کے ممبر ڈاکٹر جواں باز مری بطور مہمان شریک ہوئے۔

اسٹیج سیکریٹری کے فرائض زونل جنرل سیکریٹری آصف بلوچ اور نائب صدر اویس بلوچ نے سرانجام دیے۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز حسبِ روایت تلاوت کلام پاک سے کیا گیا۔ اس کے بعد مرکزی چیئرمین ڈاکٹر نواب بلوچ کی جانب سے زونل کابینہ کو حلف دیا گیا۔

حلف برداری تقریب کے بعد زونل نائب صدر نے مجلس کے سامنے تنظیمی اغراض و مقاصد بیان کیے۔

زونل جنرل سیکریٹری آصف بلوچ نے اپنا مقالہ پڑھا۔ جس میں تعلیم کی افادیت بیان کی گئی۔

معروف بلوچ دانش ور اللہ بخش بزدار نے سامعین سے مخاطب ہوتے کہا کہ وقت کی سب سے اہم ضرورت اتحاد ہے اور ہمیں چاہیے کہ اس حوالے سے جامع بحث مباحثہ کا آغاز کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے پروگرام سے اسٹوڈنٹس کا مورال مزید بلند ہوگا۔ میں بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کے دوستوں کی کوششوں کو، ان کی جدوجہد کو داد دیتا ہوں کہ انہوں ڈیرہ غازی خان جیسے علاقے میں بلوچ طلبا کے لیے اس طرح کا پروگرام منعقد کیا ہے۔

مرکزی چیئرمین ڈاکٹر نواب بلوچ نے تقریب  سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اس وقت ہمارا معاشرہ باقی معاشروں کی نسبت پسماندہ ہے اور اس وقت ہمارے ادیبوں، دانش وروں اور طلبا پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ معاشرہ کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔

مرکزی ورکنگ کمیٹی کے ممبر ڈاکٹر جواں باز مری نے کہا کہ ہمارا معاشرہ خواتین ایجوکیشن کے لحاظ سے کافی پسماندہ ہے، اس حوالے سے ہمیں تبلیغ کرنے کی ضرورت ہے۔

اس کے بعد سابقہ زونل صدر بلخ شیر بلوچ نے اس امید کا اظہار کیا کہ نئی کابینہ تعلیمی حوالے سے اپنی کوششوں کو تیز تر کرے گی۔
آخر میں نومنتخب زونل صدر اظہر بلوچ کی جانب سے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا گیا اور مہمانوں کو کتابیں بطور تحفہ پیش کی گئیں۔