افغانستان:گورنر و خفیہ ادارے کے صوبائی سربراہ پر خودکش حملہ

282

افغانستان میں گورنر اور صوبائی انٹیلی جنس صدر کے قافلے پر خودکش حملے میں دونوں اہم شخصیات محفوظ رہیں تاہم محافظوں کی ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔

دی بلوچستان پوسٹ ویب ڈیسک کو ملنے والی اطلاعات  کے مطابق افغانستان کے صوبے لوگر میں گورنر اور صوبائی انٹلیجنس صدر کے قافلے پر خود کش حملہ کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں 7 سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے۔

لوگر پولیس کے ترجمان شاہ پور احمد زئی نے بتایا کہ خود کش حملے میں گورنر لوگر محمد انور اسحاق زئی اور ان کے ہمراہ موجود این ڈی ایس کے صوبائی صدر محفوظ رہے تاہم چند ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

واقعے کے بعد 10 کے قریب سیکیورٹی اہلکاروں اور شہریوں کو زخمی حالت میں اسپتال لایا گیا ہے جن میں سے چند کی حالت نازک بتائی جارہی ہے جب کہ گورنر کے ہلاک ہونے کی افواہ بھی عام ہے۔

افغان طالبان نے گونر لوگر کے قافلے پر خود کش حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اہم حکام کے ہلاک ہونے کا دعویٰ کیا ہے تاہم سرکاری ذرائع سے کسی بڑے نقصان کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔