کیچ سے لاپتہ 4 افراد بازیاب ہوگئے

219

کیچ میں دوران فوجی آپریشن لاپتہ کیے جانے والے 16 افراد میں سے 4 بازیاب ہوگئے۔

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ضلع کیچ سے فورسز کے ہاتھوں حراست بعد لاپتہ ہونے والے چار افراد بازیاب ہوکر اپنے گھر پہنچ گئے۔

تفصیلات کے مطابق ضلع کیچ، پیدارک کے علاقے گورکوپ سے 28 نومبر 2018 کو دوران آپریشن پاکستانی فورسز کے ہاتھوں حراست بعد لاپتہ ہونے والے تین افراد یحیحیٰ ولد عرض محمد، پُھلان ولد صاحب داد، گلام علی ولد گوہرام سکنہ گورکوپ جبکہ اسی روز پیدارک کے علاقے جمک سے فورسز کے ہاتھوں دوران آپریشن لاپتہ ہونے والے داد بخش ولد کریم بخش سکنہ جمک گذشتہ روز بازیاب ہوکر اپنے گھر پہنچ گیا۔

مزید پڑھیں: لاپتہ بلوچ افراد ریاستی اداروں کی تحویل میں ہیں – وزیر داخلہ بلوچستان

میڈیا ذرائع کے مطابق 28 نومبر 2018 کو پاکستانی فورسز نے ضلع کیچ کے علاقے پیدارک کے نواحی علاقوں جمک، نیامی کلگ، سری کلگ، گورکوپ اور سولانی میں دوران آپریشن 16 افراد کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا تھا جن میں سے گذشتہ روز چار افراد بازیاب ہوئے ہیں جبکہ دیگر تاحال لاپتہ ہے۔

واضح رہے کہ بلوچستان کے طول و عرض میں فورسز کا آپریشن اور گرفتاریوں کی خبریں رپورٹ ہورہے ہیں جبکہ دوسری جانب کوئٹہ پریس کلب کے سامنے بھی لاپتہ افراد کے لواحقین کا سخت سردی میں اپنے پیاروں کی بازیابی کےلئے احتجاج جاری ہے ۔