لاہور:جیہند بلوچ کی عدم بازیاب کے خلاف احتجاج

241

بلوچستان میں ریاستی دہشت گردی بند کی جائے، پنجاب میں بلوچ اور پشتون طلبہ کے ساتھ نسل پرستی کی مذمت کرتے ہیں – بلوچ سالیڈیریٹی کمیٹی

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچ طالبعلم جیئند بلوچ سمیت دیگر لاپتہ بلوچ افراد کی عدم بازیابی کے خلاف پنجاب کے شہر لاہور اور لیہ میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے جبکہ ویانا سے ریوولوشنری سوشلسٹ موومنٹ کی جانب سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق بلوچ سالیڈیریٹی کمیٹی کے زیر اہتمام لاہور پریس کلب کے سامنے جیئند بلوچ اور دیگر لاپتہ بلوچ افراد کی عدم بازیابی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں بلوچستان اور کشمیر سے تعلق رکھنے والے طلبہ سمیت دیگر افراد شریک ہوئیں۔

اس موقعے پر جیئند بلوچ اور دیگر افراد کی بازیابی کے لیے نعرے لگائے گئے جبکہ مقررین نے مظاہرے میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جیئند بلوچ اور دیگر لاپتہ افراد کو رہا کیا جائے اور بلوچستان میں ریاستی دہشت گردی بند کی جائے جبکہ پنجاب میں بلوچ اور پشتون طلبہ کے ساتھ نسل پرستی کی مذمت کرتے ہیں۔

دریں اثناء پنجاب کے علاقے لیہ میں بھی جیئند بلوچ سمیت دیگر لاپتہ افراد کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کرنے کیلئے مظاہرہ کیا گیا۔

علاوہ ازیں ریوولوشنری سوشلسٹ موومنٹ ویانا کی جانب سے یکجہتی کا پیغام جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ہم جیئند بلوچ اور ان کے خاندان کے دیگر افراد سمیت تمام لاپتہ افراد کے باحفاظت رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔

واضح رہے بی ایس او کے سینئر جوائنٹ سیکریٹری جیئند بلوچ کو گذشتہ دنوں ان کے گھر پر فورسز نے چھاپہ مار کر والد اور چھوٹے بھائی سمیت حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پے منتقل کردیا تھا جو تاحال لاپتہ ہے۔