عمران خان غیر سنجیدہ اور کٹھ پتلی وزیر اعظم ہے – آصف زرداری

17

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ ہم نے پہلے بھی کہا تھا کہ کٹھ پتلیوں سے کام نہیں چلے گا۔

ٹنڈوالہ یار میں میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے عمران خان کو غیر سنجیدہ وزیرِاعظم کہتے ہوئے کہا کہ ان سے ملک نہیں سنبھالا جارہا۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ ان سے ملک چل بھی نہیں سکتا، کیونکہ ان کے پاس سیاسی سوچ نہیں ہے جبکہ یہ لوگ اس معاملے میں نا سمجھ بھی ہیں۔

سابق صدر نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ ان کی بڑی کوشش ہے کہ وہ کسی طریقے سے سسٹم توڑدیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت کو کوئی خطرہ ہوا تو وہی ان کی مدد کریں گے جو ان کو اقتدار میں لے کر آئے ہیں۔

جب  ایک صحافی نے قبل ازوقت انتخابات کی بات کی تو ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کے بارے میں میں ابھی کچھ نہیں کہہ سکتا۔

پی پی پی کے شریک چیئرمین کا کہنا تھا کہ ان کے دورِ حکومت کو ہی آئین کو اس کی اصل شکل میں بحال کیا گیا، تاہم کچھ لوگ 18ویں ترمیم کے ذریعے 1973 کے آئین کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔

حکومتی اقدامات پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ گورنر ہاؤس میں چاہے کچھ بھی بنادیا جائے لیکن اس کی حفاظت کے لیے بھی دیواروں کی ضرورت تو پڑے گی۔

جعلی اکاؤنٹس کیس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) نے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو تفتیش کے لیے طلب نہیں کیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ جے آئی ٹی نے انہیں اور فریال تالپور کو سوالات و جوابات کے لیے طلب کیا تھا۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ ماضی میں بھی پیپلز پارٹی کے خلاف بہت سازشیں ہوئیں، ہم میں جیل جانے کا صبر اور برداشت ہے، کیا عمران خان جیل جاسکتے ہیں؟