مشکے : امدادی فہرست سے متعدد زلزلہ متاثرین کے نام خارج

556

مشکے کے موضع گجر تحصیل مشکے ضلع آواران کے بیشتر خاندانوں کے نام امدادی لسٹ سے خارج کردیئے گئے، ایچ آر اے مستحق خاندانوں کے نام لسٹ سے نکال کر ناانصافی پر مبنی اقدامات اٹھارہی ہے ۔

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو ملنے والے اطلاعات کے مطابق یہ بات گجر تحصیل مشکے ضلع آواران کے زلزلہ متاثرین عبدالحفیظ شاہوانی، عبدالوحید شاہوانی، فقیر شاہوانی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ایچ آر اے آفس کے اہلکاروں نے ضلع کے زلزلہ متاثرین کے نامون کو خارج کرکے اپنے منظور نظر افراد کے نام شامل کیئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بہت سے ایسے افراد کہ جن کے نام اس سے قبل سروے لسٹ میں شامل تھے ان کے نام سعودی گرانٹ میں درج نہیں کیئے گئے ہیں جو کہ ایک المیہ ہے ۔

انہوں نے کہاکہ کئی بار سروے کرنے کے باوجود ان کے نام سعودی گرانٹ بشمول دوسرے لسٹوں میں اندراج نہیں ہیں جو ناانصافی اور حق تلفی کی بدترین مثال ہے ۔

انہوں نے مزید کہاکہ سابق کمشنر قلات ڈویژن محمد ہاشم غلزئی نے ان کے ناموں کے اندراج کو یقینی بنانے کے لئے ایچ آر اے حکام کو کئی بار تاکید کی لیکن تاحال ان کے نام لسٹ میں شامل نہیں کیئے گئے ہیں۔

بیان میں انہوں نے پی ڈی ایچ آر اے سے اپیل کی ہے کہ ایچ آر اے آفس کے اہلکاروں کی لاپرواہی کا نوٹس لیکر ان کے ناموں کو سروے لسٹ میں اندراج کو یقینی بنائیں۔