سبی شہر میں پانی کی قلت شدت اختیار کر گئی

219
پانی کی قلت کے باعث ٹینکرز مافیا شہر میں سرگرم ہے، موقعے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹینکرز مافیا نے ریٹ بڑھا دیے۔
دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ضلع سبی میں پانی قلات شدت اختیار کرگئی جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شہری مہنگے داموں ٹینکروں کا پانی خریدنے پر مجبور ہوگئے۔ پانی کی قلت پر ضلعی انتظامیہ بھی خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق دریائے ناڑی کے وسط میں واقع سبی شہر پانی کی قلت کے باعث میدان کربلا بن گیا۔ محکمہ پبلک ہیلتھ سبی کے شہریوں کو پانی فراہم کرنے میں ناکام ہوگئی، پانی کی قلت کے باعث شہریوں کا جینا محال ہوگیا۔ گزشتہ کئی دنوں سے شہر کے مختلف علاقوں جناح روڈ، الہٰ آباد روڈ، گنپت رائے روڈ، مسجد روڈ، قصاباں محلہ، لوہاراں محلہ، بابو محلہ، غریب آباد سمیت شہر کے کئی علاقوں میں اس وقت پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے، شہری پانی کی بوند بوند کو ترس ہیں۔
مزید پڑھیں: مکران میں زیر زمین پانی 6 سو فٹ تک نیچے چلا گیا، کنویں خشک
علاقائی ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان پیکج کے تحت کروڑوں روپے کے فنڈز خرچ کرنے کے دعووں کے باوجود سبی کے شہری پانی کی بوندبوند کو ترس رہے ہیں، پانی کا آئے روز بحران ایک سوالیہ نشان ہے جبکہ پانی کی قلت کے باعث ٹینکرز مافیا شہر میں سرگرم ہے۔ پانی کی قلت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹینکرز مافیا نے ریٹ بڑھا دیئے ہیں جس کے باعث شہری پانی کا فی ٹینکر 700 اور چھوٹی ٹینکی 300 روپے میں خریدنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔