ساؤتھ کوریا: بلوچستان میں لاپتہ افراد کی عدم بازیابی کیخلاف بی آر پی و بی آر ایس او کا احتجاج

113

مظاہرے کا مقصد لاپتہ افراد کے لواحقین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرنا اور انسانی حقوق کے اداروں کو ان کی ذمہ داریوں کا احساس دلانا تھا – ترجمان بی آر ایس او

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان سے لاپتہ سیاسی کارکنوں کی بازیابی اور لاپتہ افراد کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کرنے کیلئے ساؤتھ کوریا میں بی آر پی اور بی آر ایس او کے جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا-

بلوچ ریپبلکن اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ آج بروز اتوار ساؤتھ کوریا کے شہر بوسان میں  لاپتہ افراد کے لواحقین کے  ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے بلوچ ریپبلکن پارٹی اور بی آر ایس او کی جانب سے مشترکہ احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

ترجمان نے کہا کہ احتجاجی مظاہرے کا مقصد لاپتہ افراد کے لواحقین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرنا اور انسانی حقوق کے اداروں کو ان کی ذمہ داریوں کا احساس دلانا تھا کیونکہ بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے معاملے پر بین القوامی انسانی حقوق کے ادارے بشمول ایمنسٹی انٹر نیشنل اور ہیومن رائٹس واچ مکمل خاموشی اختیار کیئے ہوئے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ مذکورہ ادارے بلوچستان میں ریاستی فوجی آپریشن اور کریک ڈاون کا بہانہ بناکر اپنی ذمہ داریوں سے منہ پھیرتے رہے ہیں جبکہ ریاستی جارحیت کے باوجود بلوچ اپنی جانوں پر کھیل کر مسئلہ بلوچستان اور جبری گمشدگیوں کے معاملے کو اجاگر کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔

ترجمان نے اپنی بیان کے آخر میں کہا ہے کہ اگر  انسانی حقوق سے وابستہ کارکنان بلوچستان جانے سے کتراتے ہیں تو انہیں بلوچ آزادی پسند تنظیموں سے رابطہ کرنا چاہیے جو انہیں ہر طرح کے مدد فرائم کرنے کو ہر وقت تیار ہیں۔