کوہلو: لیویز اور ڈاکوؤں میں مقابلہ، تحصیلدار زخمی

329

کوہلو میں لیویز فورس کا ڈاکوؤں کے کمپاؤنڈ پر چھاپہ، فائرنگ کے تبادلے میں تحصیلدار زخمی

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ضلع کوہلو میں لیویز فورس نے ڈاکوؤں کے کمپاؤنڈ پر چھاپہ، اس دوران ڈاکوؤں اور لیویز اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں تحصیلدار زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق ضلع کوہلو کے علاقے ماکوڑی میں لیویز نے خفیہ اطلاع پر ڈاکوؤں کے کمپاؤنڈ پر چھاپہ مارا اسی دوران مسلح ڈاکوؤں نے لیویز اہلکاروں پر اندھادھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں تحصیلدار کوہلو عبدالصمد مری زخمی ہوگئے-

زخمی تحصیلدار کو فوری طبی امداد کے لئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا اور ہسپتال میں ایمر جنسی نافذ کر دی گئی۔

ہسپتال ذرائع کے مطابق تحصیلدار کی حالت خطرے سے باہر ہے، ان کی ٹانگ سے چھو کر گذری ہے، انہیں فوری طور پر طبی امداد دے کر ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔

اسسٹنٹ کمشنر ممتاز مری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لیویز اور ڈاکوؤں کے درمیان 6 گھنٹے تک فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا ہے، ڈاکو پہاڑی علاقے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے اور لیویز نے ان کے قبضے سے آٹھ اونٹ اور اسلحہ بھی برآمد کر کرلیا ہے۔

انہوں نےکہا کہ ڈپٹی کمشنر نے ڈاکوں اور چوریوں میں ملوث افراد کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم جاری کر دیا ہے، جلد ہی واقعے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا جائے گا-