لیاری گینگ وار کا کمانڈر غفار ذکری پولیس مقابلے میں ہلاک

460
فائل فوٹو

کراچی کے علاقے لیاری میں صبح سویرے پولیس مقابلے میں  گینگ وار کمانڈر غفار ذکری اپنے ساتھی اور بچے سمیت مارا گیا۔

خفیہ اطلاع پر پولیس نے لیاری میں علی محمد محلے میں صبح سویرے کارروائی کی، اس دوران پولیس اور گینگ وار  کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں گینگ وار کا اہم کمانڈر غفار ذکری، ساتھی چھوٹا ذاکر اور ایک بچہ ہلاک ہوا جبکہ فائرنگ کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے۔

ذرائع نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والا بچہ غفار ذکری کا بیٹا تھا اور اس کی عمر 3 سال کے قریب تھی۔

اس بارے میں ڈی آئی جی جنوبی جاوید عالم اوڈھو نے بتایا کہ ایسی اطلاعات تھیں کہ غفار ذکری کئی روز سے لیاری میں رہائش پذیر ہے، اسی بنیاد پرعلی محمد محلہ میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والوں نے آپریشن کیا، اس دوران گینگ وار والوں نے پولیس پر فائرنگ کی اور دستی بموں سے بھی حملہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس اور ملزمان کے درمیان تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہنے والے مقابلے میں غفار ذکری مارا گیا جبکہ اس دوران اس کا ساتھی چھوٹا زاہد اور اس کا بیٹا بھی ہلاک ہوا۔

ڈی آئی جی جنوبی کا کہنا تھا کہ مقابلے میں 2 پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے، جنہیں طبی علاج کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے لیکن ایک اہلکار کی حالت تشویش ناک ہے۔