جھاؤ فورسز کے ہاتھوں خواتین سمیت متعدد افراد گرفتار

219

جھاؤ میں پاکستانی فورسز نے خواتین سمیت متعدد افراد کو حراست میں لینے کے بعد آرمی کیمپ منتقل کردیا ۔

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق جھاؤ سے فورسز نے چار خواتین سمیت متعدد افراد کو دورانِ آپریشن گرفتار کرنے کے بعد آرمی کیمپ منتقل کردیا ۔

تفصیلات کے مطابق ضلع آواران کے تحصیل جھاؤ کے گاؤں وادی ٹوبوکڈ میں آج علی الصبح ہونے والے آپریشن میں فورسز نے چار خواتین سمیت گاؤں کے متعدد افراد کو گرفتار کرنے کے بعد واجہ باغ میں پاکستانی آرمی کے مرکزی کیمپ منتقل کردیا ہے۔

علاقائی ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران گرفتار ہونے والوں کی شناخت بشیر احمد ولد محمدحسین،محمد رمضان ولد بادین ،بشیر احمد کی بہن خیر بی بی بنت محمد حسین، ماہ جان بنت سلیمان، سمینہ بنت علی مراد، لال خاتون بنت غلام محمدساکنان وادی ٹوبوکڈ کے ناموں سے ہوئی ہیں۔

علاقائی ذرائع نے مزید بتایا کہ بشیر احمد کی گرفتاری کے دوران فورسز نے خواتین اور بچوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد بشیر احمد کی بہن سمیت دیگر خواتین کو حراست میں لینے کے بعد آرمی کیمپ منتقل کردیا ۔

واضح رہے جھاؤ میں دوران آپریشن گرفتار ہونے والے دیگر افراد کے حوالے سے معلومات آنا ابھی باقی ہے ۔

یاد رہےآج ضلع آواران کے ایک اور علاقے پیراندر لوپ سے بھی فورسز نے آپریشن کے دوران ایک خاتون سمیت تین افراد کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا تھا۔

بعدازاں لاپتہ ہونے والی خاتون کی شناخت گُل بہار زوجہ شہید رسول بخش سے ہوئی تھی ۔