بلوچستان میں خوف کے ماحول کے باعث طلباء سراسیمگی میں مبتلا ہیں – بی ایس اے سی

144

پہلا مرکزی کونسل سیشن بیاد یوسف عزیز مگسی بنام ڈاکٹر عبدالرحمان، واجہ مبارک قاضی 2,1 نومبرکو کوئٹہ میں منعقد ہو گا –  بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی

بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کے مرکزی ترجمان نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ چئیرمین رشید کریم بلوچ کے صدارت تنظیم کا کابینہ اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں مختلف ایجنڈے زیر بحث رہے، چیئرمین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی نے روز اول سے بلوچ طالب علموں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے کی جدوجہد کی ہے اور نو سال کے عرصے میں تنظیم کے دوستوں نے طالب علموں کی تربیت کی جو ذمہ داری اٹھایا تھا وہ کاروان آج بھی کامیابی کے ساتھ محو سفر ہے۔

کابینہ اجلاس میں دیگر مرکزی رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں ایک خوف کے ماحول کی وجہ سے طلباء و طالبات سراسیمگی میں مبتلا ہیں اور دوسری جانب تعلیمی اداروں میں ان طالب علموں کیلئے کوئی ایسا پلیٹ فارم بھی نہیں ہے جہاں پر بلا خوف و خطر بغیر کسی دباؤ کے طالب علم اپنے خیالات اور اپنے مسائل کو بیان کر سکیں۔ اسی دوران بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی نے اس خلا کو پُر کرنے کی پوری جدوجہد کی اور کر رہی ہے اور آج ہماری تنظیم اپنے کارکنوں اور ممبروں کی محنت و جفاکشی سے بلوچستان کی سب سے متحرک طلباء تنظیم کی طور پر سامنے آئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسی تسلسل کو جاری رکھتے ہوئے بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی اپنا پہلا مرکزی کونسل سیشن بیاد یوسف عزیز مگسی، بنام ڈاکٹر عبدالرحمن براہوئی، واجہ مبارک قاضی 2,1 نومبر کو کوئٹہ میں منعقد کرے گی۔ جس کی کامیابی کیلئے تنظیم کے تمام کارکن اور بلوچ طلباء ایک اہم کردار ادا کریں تاکہ طلباء کے حقوق کی ترجمانی کرنے والی تنظیم ایک منظم اور فعال انداز میں بھرپور طریقے سے بلوچ طالب علموں کی رہنمائی کے فرائض انجام دے سکیں۔

رہنماؤں نے آخر میں کہا کہ ہم بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پجار کو کامیاب کونسل سیشن کے انعقاد پر اور نو منتخب ہونے والے تمام مرکزی اور صوبائی قیادت کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔