بلوچستان سے شائع ہونیوالے اخبارات کا معاشی قتل قابل قبول نہیں – جمیلہ بلوچ

153

بی پی آر اے رولز کو راستہ بنا کرفنڈز سے دوسرے صوبوں کے اخبارات کو تحائف کے بدلے نوازا جا رہا ہے – جمیلہ بلوچ

بلوچستان نیشنل پارٹی کی مرکزی کمیٹی کی رکن جمیلہ بلوچ نے اپنے مذمتی بیان میں بلوچ اخبارات کے اشتہارات کی بندش اور محکمہ اطلاعات کے فنڈز سے دوسروں صوبوں کے اخبارات کو نوازنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ میرٹ کے نام پر بلوچستان سے شائع ہونے والے اخبارات کا معاشی قتل عام کسی صورت قابل قبول نہیں، عرصہ دراز سے سازش کے تحت مقامی اخبارات کے خلاف اقدامات کئے جا رہے ہیں جس سے اخباری صنعت سے ہزاروں افراد کا روزگار وابستہ ہے انہیں دیوار سے لگا دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: اشتہارات کی بندش، بلوچستان میں پرنٹ میڈیا کا احتجاج کا اعلان

انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات کے کروڑوں روپے کے فنڈز جن پر پہلا حق بلوچستان سے نکلنے والے اخبارات کا ہے مگر بی پی آر اے رولز کو راستہ بنا کرفنڈز سے دوسرے صوبوں کے اخبارات کو تحائف کے بدلے نوازا جا رہا ہے جو کہ کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت وقت فوری طور پر محکمہ اطلاعات کو پابند کرے کہ وہ مقامی اخبارات کے اشتہارات بحال اور دیگر صوبوں کے اخبارات کو مال غنیمت سمجھ کر نوازنے کا سلسلہ بند کرے ۔