افغانستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں اب بھی موجود ہیں، پاکستانی وزیر خارجہ کا الزام

69

واشنگٹن: پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے الزام عائد کیا ہے کہ افغانستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں اب بھی موجود ہیں۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا یو ایس انسٹیٹوٹ آف پِیس سے خطاب میں کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام چاہتا ہے، پاکستان پرامن اور ترقی یافتہ افغانستان دیکھنا چاہتا ہے لیکن افغانستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں اب بھی موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں منشیات کی پیداوار پر پاکستان کو تحفظات ہیں۔

ہمارا مشترکہ مفاد امن کا حصول ہے اور ہمیں مثبت چیزوں کی طرف دیکھنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا کے ساتھ باہمی اعتماد اور احترام پر مبنی تعلقات چاہتے ہیں جب کہ امن کے حصول میں پاکستان کی قربانیوں کو سراہا جانا چاہیے۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ افغانستان میں مشکلات کا پاکستان پر الزام لگانا مناسب نہیں کیوں کہ افغانستان کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتے ہیں، افغانستان آزاد ملک ہے وہ اپنے فیصلے خود لے سکتا ہے، افغانستان میں ہمارا کوئی فیورٹ نہیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمیں ایک دوسرے پر اعتماد کرنا ہوگا، اس کے علاوہ کوئی اور چارہ نہیں کیوں کہ الزامات سے دو طرفہ تعلقات پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔