نصیر آباد: مغوی پولیس اہلکاروں میں سے ایک کی لاش برآمد

145

پولیس چوکی پر تعینات 2 اہلکاروں کی پراسرار گمشدگی کے بعد ایک کی لاش برآمد ہوگئی۔

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ڈیرہ مراد جمالی، نصیرآباد کے صدر پولیس تھانہ کی پولیس چوکی سے دو پولیس اہلکار پر اسرار طورپر دوران ڈیوٹی غائب، بارہ گھنٹوں میں ایک پولیس اہلکار منظر عام پرآ گیا جبکہ اس کے ساتھی پولیس اہلکار کی گولیوں سے چھلنی نعش پٹ فیڈر کینال سے بر آمد کرلی گئی۔

تفصیلات کے مطابق صدر پولیس تھانہ کی کچی پولیس چوکی پر ڈیوٹی پر تعنیات دو پولیس اہلکار ندیم احمد اور نسیم الدین کی مبینہ طور پر پراسرار طورپر دوران ڈیوٹی غائب ہونے کی اطلاع ملتے ہی نصیرآباد پولیس حرکت میں آگئی۔ بارہ گھنٹوں کے بعد ایک پولیس اہلکار نسیم الدین منظر عام پر آگیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی نصیرآباد سید جاوید شاہ غریشن جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور غائب ہونے والے ندیم احمد پولیس اہلکار کی تلاش شروع کردی ۔

دوسرے پولیس اہلکار ندیم احمد کی گولیوں سے چھلنی نعش پٹ فیڈر کینال کے علاقے بالان شاخ سے بر آمد کر لی گئی ہے۔ واقعے کے بعد مقتول پولیس اہلکار کی نعش پوسٹ مارٹم کیلئے سول ہسپتال ڈیرہ مراد جمالی لائی گئی اور مزید کارروائی پولیس کر رہی ہے۔

واقعے کے بابت ایس ایس پی نصیرآباد سید جاوید شاہ غریشن نے رابطہ کرنے پر میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ مزکورہ قتل کا واقعہ کوئی دہشت گردی کا نہیں ہے بلکہ سیاہ کاری کا واقعہ ہے جبکہ دو خواتین نے ایک قبائلی سردار کے ہاں پناہ لے لی ہے جس کی مکمل تحقیقات کی جارہی ہے ۔