مستونگ آپریشن میں فوج کے 2 اہلکار ہلاک، 6 زخمی

194

 مستونگ آپریشن میں فائرنگ کے تبادلے میں پاکستانی فوج کے 2 اہلکار ہلاک و 6 زخمی ہوگئے۔

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والے اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ضلع مستونگ میں فوجی آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں پاکستانی فوج کے 2 اہلکار ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق مستونگ کے علاقے شیرناپ سے متصل علاقہ غلام جان میں آپریشن کا آغاز آج صبح کیا گیا جہاں فائرنگ کے تبادلے میں پاکستانی فوج کے اہلکار سپاہی سبحان اور سپاہی میر عالم ہلاک ہوگئے جبکہ چھ اہلکار نائب صوبیدار عبداللہ، حوالدار آصف ایوب، نائک سلیم اللہ، سپاہی جنید، سپاہی امجد اور سپاہی بصیر زخمی ہوگئے ہیں۔

فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کو کوئٹہ کمبائنڈ ملٹری اسپتال (سی ایم ایچ) منتقل کردیا گیا ہے۔

واضح رہے دوران آپریشن تین افراد جانبحق ہوگئے جبکہ گھروں میں موجود خواتین و بچوں کو فورسز نے حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پے منتقل کردیا ہے۔

علاقے میں فوجی ہیلی کاپٹروں کی پروازیں جاری ہے جبکہ غوث بخش میموریل ہسپتال مستونگ سے بڑی تعداد میں ایمبولینسوں کو جائے وقوعہ کی جانب جاتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔

یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ ان افراد کو کیوں نشانہ بنایا گیا ہے تاہم بلوچستان کے مختلف علاقوں میں تواتر کے ساتھ فوجی آپریشن ہوتے رہے ہیں۔

پاکستانی اداروں کا دعویٰ ہے کہ ایسے آپریشن شرپسند عناصر کیخلاف کیے جاتے ہیں تاہم سماجی کارکنوں کا کہنا ہیکہ اکثر مواقع پر عام آبادی کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔