طلباء پر فورسز کے جانب سے تشدد کی مذمت کرتے ہیں: بلوچستان بار کونسل

114

ثقافتی پروگرام کو سبوتاژ کرنے کیلئے فورسز کیجانب سے بلاجواز مداخلت اور تشدد ناقابل برداشت ہے: بلوچستان بار کونسل

بلوچستان بار کونسل نے اپنے جاری کردہ مذمتی بیان میں کہا ہے کےیونیورسٹی آف بلوچستان میں فورسز کی جانب سے پشتون طلباء پر تشدد اور گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان یونیورسٹی میں پشتون کلچر جو کہ ثقافتی طور پر ہر سال منایا جاتا ہے جس میں بلوچستان کے تمام طلبہ و طالبات شرکت کرتے ہیں اس ثقافتی پروگرام کو سبوتاژ کرنے کیلئے فورسز کیجانب سے بلاجواز مداخلت اور تشدد ناقابل برداشت ہے۔ جس کی تمام تر ذمہ داری یونیورسٹی انتظامیہ پر عائد ہوتی ہے۔

انکا مزید کہنا تھا کے بلوچستان یونیورسٹی کے طلباء پر ہونے والے تشدد اور بلاجواز گرفتاری کے خلاف بلوچستان بار کونسل کے زیراہتمام کل بروز منگل 25 ستمبر کو پورے بلوچستان میں عدالتی کاروائی کے بائیکاٹ کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔

یاد رہے گزشتہ روز پشتون کلچر ڈے کے دن بلوچستان یونیورسٹی میں منعقد پروگرام پر سیکورٹی فورسز نے حملہ کرکے طلباء کو تشدد کا نشانہ بنا کرمتعدد طلباءکو گرفتار کرکے اپنے ساتھ لے گئے تھے۔