دو فوجی اڈوں کی موجودگی : امریکہ و طالبان کے درمیان مذاکرات تعطل کا شکار

145

 امریکہ اور افغان طالبان کے درمیان افغانستان کے سیاسی تصفیے کیلئے بامعنی مذاکرات کا عمل امریکہ کے اس اصرار پر تعطل کا شکار ہے کہ امریکہ افغانستان میں اپنے دو فوجی اڈے برقرار رکھے گا۔ اس بات کا انکشاف سابق طالبان اہلکار وحید مزدہ نے کیا ہے جو مسلسل طالبان کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ اُنہوں نے کہا امریکہ چاہتا ہے کہ طالبان کم سے کم بگرام اور شورابک میں موجود دو امریکی اڈوں کی موجودگی تسلیم کریں کیونکہ یہ اڈے امریکہ کی ضرورت ہیں لیکن طالبان یہ شرط تسلیم کرنے کیلئے تیار نہیں۔

وحید مزدہ کا کہنا ہے کہ طالبان لیڈر امریکی فوجیوں کی محض علامتی موجودگی سے زیادہ کچھ بھی تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہیں جو امریکہ کے سفارتی مشن کیلئے ضروری ہو۔ واشنگٹن میں اعلیٰ سطحی ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ افغانستان میں بعض فوجی اڈوں کی موجودگی امریکہ کیلئے بہت زیادہ اہمیت رکھتی ہے۔ امریکی فوج کے ایک ریٹائرڈ کرنل اور پینٹاگون کے سابق مشیر کرسٹوفر کولینڈا اس سال دوحہ میں ہونے والے طالبان کے ساتھ غیر رسمی مذاکرات میں شریک تھے۔ اُن کا کہنا ہے کہ طالبان افغانستان میں موجود امریکی فوجیوں کو قابض سمجھتے ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ امریکی فوجی افغانستان سے نکل جائیں۔

کرسٹوفر کولینڈا نے بتایا کہ طالبان امریکی فوجیوں کی افغانستان میں موجودگی کو وہاں جاری لڑائی کی اہم وجہ سمجھتے ہیں اور وہ نہیں چاہتے کہ کسی قسم کے امن سمجھوتے کے بعد افغانستان میں امریکی فوجی حرکت کرتے دکھائی دیں۔ اُنہوں نے کہا طالبان نے اس بات پر کسی قدر آمادگی کا اظہار کیا ہے کہ افغان فوجیوں کی تربیت کیلئے کچھ غیر ملکی فوجی افغانستان میں موجود رہیں تاہم طالبان کا کہنا ہے ایسا صرف اُس صورت میں ممکن ہے جب افغانستان میں پُر امن سمجھوتے کے بعد نئی حکومت تشکیل پائے جس میں طالبان بھی شامل ہوں۔
دوحہ میں کولینڈا اور امریکی سفارتکار روبن رافیل نے طالبان سے غیر رسمی مذاکرات کئے جن کے بعد جنوبی اور وسطی ایشیا کیلئے امریکی نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز نے جولائی میں دوحہ میں ہی طالبان سے ملاقات کی۔ اس بارے میں عام تاثر یہی تھا کہ یہ ملاقات طالبان کی طرف سے افغان حکومت کے بجائے امریکہ سے براہ راست بات چیت کی خواہش پر ہوئی۔ طالبان افغان حکومت کو امریکہ کی ‘کٹھ پتلی’ حکومت تصور کرتے ہیں۔

رائٹرز کی ایک رپورٹ کے مطابق طالبان نے امریکہ کے ساتھ مذاکرات کے اگلے دور کیلئے تین یا چار رکنی وفد تشکیل دینے پر کام شروع کر دیا ہے ۔ تاہم طالبان کا کہنا ہے کہ مذاکرات کے اگلے دور سے قبل گرفتار ہونے والے طالبان کی رہائی بنیادی شرط ہوگی۔