بلوچ و بلوچستان دشمن قوتیں ہمارے حقوق سلب کررہے ہیں – گہرام اسلم بلوچ

176

بی ایس او (پجار) کا مرکزی قومی کو نسل سیشن اکتوبر میں منعقد کی جائے گی، مرکزی اجلاس میں فیصلہ

بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (پجار) کے مرکزی کابینہ کا اجلاس زیر صدارت مرکزی چیئرمین گہرام اسلم بلوچ حب میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مرکزی سیکرٹری جنرل حمید بلوچ، مرکزی سینئر وائس چیئرمین کامریڈ عمران بلوچ، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نادر بلوچ بھی موجود تھے ۔

اجلاس میں سیاسی و تنظیمی معاملات، کونسل سیشن، آ ئندہ کا لائحہ عمل سمیت دیگر امور کے ایجنڈے زیر بحث رہے۔ اجلاس میں بی ایس او (پجار) اور نیشنل پارٹی کے ساتھ فکری و نظریاتی وابستگی پر سیر حاصل بحث رہی و بی ایس او کی قومی و تاریخی جدوجہد کا جائزہ لیا گیا ۔

اجلاس میں مزید اس بات پر زور دیا گیا کہ بی ایس او کو دوبارہ آزادانہ حیثیت دلانے کی بھر پور کوشش کرنے کی ضرورت ہے چونکہ بی ایس او کے جدوجہد کے بغیر بلوچ قوم پرستانہ سیاست کو فروغ نہیں دیا جاسکتا ۔

اس صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے بلوچ نوجوانوں کو ذہنی و نظریاتی بنیاد پر تیار کرنے اور بلوچ سیاست کے دھارے میں شامل کرنے کی ضرورت ہے۔

اجلاس میں بی ایس او (پجار) کا مرکزی قومی کو نسل سیشن 20,21,22 اکتوبر کو “بنام” میر یوسف عزیز مگسی ،”بیاد” شہید چیئرمین رازق بگٹی، میر عبدالعزیز کرد، واجہ عبدالمجید گوادری بمقام نال میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔

اس موقعے پر چیئرمین گہرام اسلم بلوچ نے کہا کہ آج کے معروضی حالات و نزاکت کو سمجھتے ہوئے قوم پرستی کی جدوجہد سے منسلک قوتیں اپنی صفوں کو درست سمت میں لیجاکر بلوچ قومی تشخص، شناخت، سرزمین کی دفاع و تحفظ کی خاطر ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوکر جدوجہد کا علم بلند کریں بی ایس او (پجار) کے جدوجہد کا محور و مقصد بھی بلوچ قوم کو ایک منظم طاقت ور پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے جو عوام کو متحد و منظم کرنے کے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہوں اور ان کے حقوق کا ضامن ہو ۔

انہوں نے کہا کہ تقسیم در تقسیم کی سیاست میں بلوچ عوام کو سوائے پسماندگی اور مایوسی کے کچھ نہیں دیا جس کی وجہ سے آج بلوچ اور بلوچستان دشمن قوتیں بلا خوف و ججک ہمارے وسائل کو بیدردی سے لوٹ رہے ہیں ہمارے حقوق سلب کیے جارہے ہیں ۔