ایشیا کپ: سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو 3 وکٹوں سے شکست

72

متحدہ عرب امارات کے شہر ابو ظہبی میں ایشیا کپ کے سپر 4 مرحلے کے میچ میں پاکستان نے افغانستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد تین وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

پاکستان نے 258 رنز کا ہدف آخری اوور میں سات وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔

آخری اوور میں پاکستان کو فتح کے لیے دس رنز درکار تھے جو اس نے محض تین گیندوں پر حاصل کر لیے۔ شعیب ملک نے آخری اوور میں ایک چھکا اور ایک چوکا لگا پر پاکستان کو فتح سے ہمکنار کر وا دیا۔

شعیب ملک 51 اور حسن علی چھ رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

افغانستان کی جانب سے دیے گئے 258 رنز کے ہدف کے جواب میں جب پاکستان کے اوپنرز میدان میں اترے تو پہلے ہی اوور میں فخر زمان ایک بار پھر صفر رنز پر آؤٹ ہو کر پویلین واپس لوٹ گئے۔

پہلا اوور کرانے والے سپنر مجیب الرحمان نے ان کو ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ اس سے پہلے کھیلے گئے تمام میچوں میں فخر زمان آج تک صفر پر آؤٹ نہیں ہوئے تھے لیکن ایشیا کپ میں مسلسل دوسری بار انھیں اس ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

صفر کے سکور پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد امام الحق اور بابر اعظم کے درمیان 154 رنز کی پارٹنرشپ قائم ہوئی جس کے بعد امام الحق 80 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد بابر اعظم بھی 66 کے انفرادی سکور پر راشد خان کی گیند پر سٹمپڈ آؤٹ ہوئے۔

حارث سہیل 13 رنز بنا کر مجیب الرحمان کی دوسری وکٹ بنے جبکہ سرفراز احمد ایک بار پھر ناکام رہے اور صرف آٹھ رنز بنا سکے، انھیں گلبدین نائب نے بولڈ کیا۔

آصف علی بھی صرف سات رنز بنا سکے اور راشد خان کی دوسری وکٹ بنے۔ راشد خان نے ہی محمد نواز کو دس رنز پر بولڈ کیا اور اپنی تیسری وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل افغانستان نے پاکستان کے خلاف اپنے تیسرے ایک روزہ میچ میں انتہائی شاندار کارکردگی دکھائی اور چھ وکٹوں کے نقصان پر 257 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔

افغانستان کی اننگزر کی خاص بات حشمت اللہ کی بیٹنگ تھی جنھوں نے ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے 97 رنز بنائے۔ ان کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے کپتان اصغر افغان نے 67 رنز بنائے۔ ان دونوں نے 94 رنز کی شراکت قائم کی۔

ساتھ دیتے ہوئے رحمت شاہ نے بھی 36 رنز بنائے اور اوپنر محمد شہزاد 20 رنز بنا سکے ۔

پاکستان کی جانب سے اپنی ڈیبو میچ کھیلنے والے شاہین آفریدی نے نمایاں بولنگ کی اور دس اوورز میں 38 رنز کے عوض دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔ ان کی بدقسمتی رہی کہ ان کی گیند پر تین مواقعوں پر کیچ چھوڑے گئے۔

بائیں ہاتھ کے سپنر محمد نواز شاداب خان کی جگہ ٹیم میں آئے اور انھوں نے بھی اچھی بولنگ کی اور تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔

انڈیا نے بنگلہ دیش کو سات وکٹوں سے شکست دے دی

دوسری جانب دبئی میں کھیلے جانے والے سپر فور مرحلے کے ایک اور میچ میں انڈیا نے بنگلہ دیش کوسات وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

انڈیا نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو پہلے بیٹنگ کا موقع دیا تو اس کی پوری ٹیم 173 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی

اس میچ کے لیے بنگلہ دیش نے اپنی ٹیم میں دو تبدیلیاں کیں اور مشفق الرحیم اور مستفیض الرحمان کو واپس لائے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے مہدی مراز نے سب سے زیادہ 42 رنز بنائے جبکہ انڈیا کی طرف سے فاسٹ بولرز جسپریت بھمرا اور بھونیشور کمار نے تین تین وکٹیں حاصل کی اور سپنر روندرا جدیجا نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

انڈیا نے 174 رنز کا ہدف باآسانی تین وکٹوں کے نقصان پر 37ویں اوور میں پورا کر لیا۔

انڈیا کی جانب سے روہت شرما نی عمدہ اننگز کھیلی اور 83 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

سپر4 مرحلے میں اتوار کو پاکستان کا مقابلہ انڈیا جبکہ افغانستان کا بنگلہ دیش سے آمنا سامنا ہوگا۔