امریکا نے 33 روسی ادارے اور شخصیات کو بلیک لسٹ کر دیا

127

امریکی وزارت خارجہ نے ’ناپسندیدہ‘ اورمنفی  سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں روس کے 33 اداروں اور افراد کو بلیک لسٹ کردیا۔

امریکی محکمہ خارجہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پابندیوں کی فہرست میں روسی فوج، انٹیلی جنس اداروں اور ان کے مفادات کے لیے کام کرنے والے افراد اور ادارے شامل ہیں۔

چین پر فوجی پابندیاں

چین کے ایک فوجی ادارے پر الزام ہے کہ اس نے روس سے ہتھیار خریدے ہیں۔ اس کا یہ اقدام روس پر امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ وہ فوری طور پر چینی فوج کے ایک یونٹ پر پابندی کا اطلاق کر دے گا۔ فوج کا یہ یونٹ روس کے ہتھیار برآمد کرنے والے ادارے روسوبورون ایکسپورٹ کے ساتھ دفاعی ٹیکنالوجی کی خریداری کا نگران ہے۔

محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ چین نے روس سے ایس یو 25 فائٹر جیٹ اور زمین سے فضا میں مار کرنے والے ایس 400 میزائل خریدے ہیں۔

چین کی یہ خریداری پابندیوں سے متعلق امریکا کے 2017 کے قانون کی خلاف ورزی ہے۔ ان پابندیوں کا مقصد سن 2016 میں امریکی صدارتی انتخابات میں روس کی مداخلت پر اسے سزا دینا ہے۔

اس قانون کے تحت روس کی دفائی صنعت کے ساتھ بڑے پیمانے پر لین دین کرنے والے تیسرے فریق پر پابندیاں لگ سکتی ہیں۔

یہ پہلا موقع ہے کہ امریکا نے اپنی ان تازہ ترین پابندیوں کا اطلاق روس سے فوجی ہتھیار خریدنے والے کسی ملک پر کیا ہے۔