فرانس : چاقو سے حملہ، 7 افراد زخمی

14

فرانس کے دارالحکومت پیرس میں پولیس نے بتایا ہے کہ چاقو اور لوہے کے سریے سے لیس ایک شخص نے حملے میں سات افراد کو زخمی کر دیا ہے جن میں سے چار شدید طور پر زخمی ہوئے ہیں۔

حملہ آور کی شناخت افغانستان کے باشندے کے طور پر کی جا رہی اور اسے حراست میں لے لیا گیا ہے۔

اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ اس کے دہشت گردانہ حملہ ہونے کے شواہد نہیں ملے ہیں۔

بہت سی خبروں میں بتایا گیا ہے زخمیوں میں دو برطانوی سیاح بھی شامل ہیں۔

یہ حملہ فرانسیسی دارالحکومت کے شمال مشرقی 19 ویں ضلعے میں ایک نہر کے کنارے مقامی وقت کے مطابق رات 11 بجے ہوا۔
اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ حملہ آور نے انجان لوگوں کو نشانہ بنایا اور پہلے پہل دو مرد اور ایک خاتون کو کوائی دا لور میں ایم کے2 سینیما کے قریب نہر کے کنارے چاقو مارا۔

بہت سے لوگ جو اس وقت وہاں ‘پیٹینکا’ کھیل رہے تھے انھوں نے حملہ آور پر گیند ماری تاکہ وہ انھیں روک سکے۔

پیٹینکا ایک فرانسیسی کھیل ہے جس میں سٹیل کی اندر سے خالی بڑی گیند کو لکڑی کی چھوٹی گیند کے نزدیک تر پہنچانا ہوتا ہے۔
اطلاعات میں بتایا گیا کہ جب حملہ آور کو گیند لگی تو اس نے وہاں سے راہ فرار اختیار کی۔ اس کے بعد اس نے کوچہ ہنری نوگریس پر مبینہ طور پر دو برطانوی سیاحوں پر حلمہ کر دیا۔

برطانوی وزرات خارجہ کے دفتر نے ایک بیان میں کہا: ‘ہم فوری طرح پر اس واقعے کی تفتیش کر رہے ہیں اور ہم فرانسیسی حکام سے رابطے میں ہیں۔’

فرانسیسی پولیس ذرائع نے بتایا: ‘ابھی ایسا کوئی اشارہ نہیں ملا ہے جس سے یہ طے کیا جا سکے کہ یہ کوئی دہشت گردانہ حملہ تھا۔’