واشک: لاپتہ نوجوان کی تشدد زدہ لاش برآمد

155

واشک: گذشتہ روز گرفتار کیئے جانے والے 16سالہ نوجوان کی لاش ورثاء کے حوالے

دی بلوچستان پوسٹ ویب ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ضلع واشک کے علاقے راغے تریپ میں گذشتہ روز فورسز نے گھر گھر تلاشی لی اور دو افراد کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

مقامی میڈیا کے مطابق فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران خواتین و بچوں کو تشدد کا نشانہ بنایا، جبکہ دوران آپریشن دو افراد کو حراست میں لینے کے بعد لاپتہ کردیا گیا، جن کی شناخت 16 سالہ مجید ولد علی جان اور ثناء ولد نبی بخش کے ناموں سے ہوئی۔

آج صبح لاپتہ کیئے جانیوالے والے مجید ولد علی جان کی تشدد زدہ لاش ورثاء کے حوالے کردی گئی، جبکہ ثناء ولد نبی بخش تاحال لاپتہ ہے۔

واضح رہے بلوچستان میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ لاپتہ ہیں جبکہ وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز تنظیم کے مطابق بلوچستان سے پینتالیس ہزار کے قریب لوگ جبری طور پر لاپتہ ہیں اور سینکڑوں کی تعداد میں لاپتہ ہونیوالے افراد کی تشدد زدہ لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔

لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے آواز اٹھانے والی تنظیمیں و ان کے لواحقین کا موقف ہے کہ ان افراد کو لاپتہ کرنے میں پاکستانی خفیہ اداروں اور فورسز سمیت حکومتی پشت پناہی میں چلنے والے ڈیتھ اسکواڈ بھی ملوث ہیں۔