افغانستان میں نماز جمعہ کے دوران خود کش دھماکے میں 25 افراد جاں بحق

145

کابل: افغانستان کے شہر گردیز کی جامع مسجد میں خودکش دھماکے میں 25 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہو گئے ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے پکتیا کے مرکز میں واقع جامع مسجد میں نماز جمعہ کے دوران زوردار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 25 نمازی جاں بحق اور 40 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔

سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد مسجد میں افراتفری پھیل گئی جس کی زد میں آکر کئی نمازی زخمی ہوئے۔ ابتدائی طور پر یہ ایک خود کش حملہ لگتا ہے تاہم ابھی شواہد جمع کیے جا رہے ہیں اس لیے حتمی طور پر کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔

ریسکیو ادارے کے افسر نے میڈیا کو بتایا کہ زور دار دھماکے سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ اب تک کئی زخمیوں کو اسپتال پہنچایا گیا ہے جب کہ متعدد زخمی اب بھی مسجد میں موجود ہیں۔ زخمیوں میں سے بعض کی حالت انتہائی نازک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

مقامی میڈیا نے عینی شاہدین کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ جاں بحق افراد کی تعداد 30 تک ہو سکتی ہے جب کہ 100 سے زائد زخمی ہیں تاہم سرکاری ذرائع سے اس کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔