فٹ بال ورلڈ کپ میں انگلینڈ کو شکست دے کر کرویشیا فائنل میں پہنچ گیا

278

فیفا ورلڈ کپ 2018ء کے دوسرے سیمی فائنل میں کرویشیا نے انگلینڈ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر فائنل میں اپنے لیے جگہ بنا لی جہاں اتوار کو اُس کا مقابلہ فرانس سے ہوگا۔

انگلش ٹیم نے پہلے ہاف کے آغاز ہی میں برتری حاصل کی۔ کھیل کے پانچویں منٹ میں مڈفیلڈر کائیرن ٹریپئر نے فری کک پر شاندار گول کرکے اسکور ایک، صفر کردیا۔

2006ء میں ایکواڈور کے خلاف ڈیوڈ بیکہم کے گول کے بعد ورلڈ کپ مقابلوں میں کسی بھی انگلش پلیئر کا فری کک پر یہ پہلا گول ہے۔

کرویشیا نے گول برابر کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جبکہ انگلش ٹیم کو بھی گول کرنے کے کئی مواقع ملے لیکن پہلے ہاف کے باقی کھیل میں کوئی بھی ٹیم مزید گول نہ کر سکی اور یہ ہاف اسی اسکور پر ختم ہوا۔

دوسرے ہاف کے ابتدائی دس منٹ میں دونوں ٹیموں کے ایک، ایک کھلاڑی کو ییلوکارڈ دکھایا گیا۔

کھیل کے 68ویں منٹ میں کرویشیا کے مڈفیلڈر ایوان پیری سیچ نے گول کرکے اسکور ایک، ایک گول سے برابر کردیا۔

کرویشیا کے کھلاڑی جیتنے کے بعد خوشی سے بے قابو۔ 11 جولائی 2018

ورلڈ کپ مقابلوں میں کرویشیا کی جانب سے پیری سیچ کا یہ چوتھا گول ہے۔ صرف ڈیور، فٹ بال عالمی کپ میں 6 گول کے ساتھ اُن سے آگے ہیں۔
90 منٹ کا کھیل ایک، ایک گول کی برابری پر ختم ہوا جس کے بعد میچ کو فیصلہ کن بنانے کے لئے پندرہ، پندرہ منٹ کے دو ہاف دیئے گئے۔

پہلے ہاف میں کوئی بھی ٹیم گول نہ کر سکی اور مقابلہ بدستور ایک، ایک گول سے برابر رہا۔

دوسرے ہاف کے چوتھے منٹ میں ماریو مینڈزیوکیچ نے گول کرکے ٹیم کو دو، ایک کی فیصلہ کن برتری دلا دی اور کرویشیا کی ٹیم فائنل میں پہنچ گئی۔
ورلڈ کپ مقابلوں میں انگلینڈ کا یہ تیسرا سیمی فائنل تھا، جس میں اُسے کرویشیا کے ہاتھوں شکست ہوئی ۔انگلینڈ نے 1966ء میں پرتگال کے خلاف دو، ایک سے کامیابی حاصل کی اور 1990ء میں جرمنی سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان یہ مجموعی طور پر یہ آٹھواں میچ تھا، انگلینڈ نے چار اور کرویشیا نے تین میچوں میں کامیابی حاصل کی جبکہ ایک میچ بے نتیجہ رہا۔

تیسری پوزیشن کے لئے ہفتے کو بیلجیئم اور انگلینڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی جبکہ ایونٹ کا فیصلہ کن معرکہ اتوارکو فرانس اور کرویشیا کے درمیان ہوگا۔