تمپ: پولنگ اسٹیشن کیلئے منتخب اسکول دھماکے سے تباہ

156

تمپ: پولنگ اسٹیشن کے لئے منتخب اسکول کو نامعلوم افراد نے دھماکہ خیز مواد سے تباہ کردیا۔

دی بلوچستان پوسٹ ویب ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ضلع کیچ کے علاقے تمپ، دازن میں حالیہ انتخابات میں پولنگ اسٹیشن کے لئے منتخب کئے جانیوالے اسکول کو دھماکے سے تباہ کردیا گیا۔

علاقائی ذرائع کے مطابق اسکول کو کل رات نامعلوم افراد نے دھماکہ خیز مواد نصب کر کے تباہ کردیا ہے۔ علاقہ مکینوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ مذکورہ اسکول کئی سالوں سے خالی تھا جسے فورسز کبھی کبھار اپنے زیر استعمال لاتے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: دو اسکول اور ایک ہسپتال پر فورسز کی چو کیاں قائم

واضح رہے کہ بلوچستان کی آزادی پسند و قوم پرست پارٹیاں و مسلح تنظیمیں پاکستانی انتخابات کو مسترد کرتے رہے ہیں اور گزشتہ ادوار میں مسلح تنظیموں کی جانب سے الیکشن میں حصہ لینے والوں اور پولنگ اسٹیشنوں پر حملے کئے گئے ہیں، جبکہ حالیہ انتخابات کی تیاریاں شروع ہونے کے بعد سے بلوچستان بھر میں انتخابی امیدواروں اور دفتروں پر حملے کیئے جاچکے ہیں جن کی ذمہ داری مختلف بلوچ مسلح تنظیموں نے قبول کی ہے۔

جبکہ گذشتہ رات چاغی کے علاقے دالبندین شہر میں بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) کے انتخابی دفتر کو بھی دستی بموں سے نشانہ بنایا گیا جس میں 30 کے قریب افراد زخمی ہوئے تھے۔ اس حملے کی زمہ داری بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی تھی۔