لندن: بلوچستان میں انسانی حقوق کے پامالیوں کے خلاف بی این ایم کا احتجاجی مظاہرہ

226

پاکستانی فوج بلوچستان میں انسانی حقوق کے سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہوکر جنگی جرائم کا مرتکب ہورہا ہے، مقررین کا خطاب

بلوچ نیشنل موومنٹ لندن زون کی جانب سے 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ کے سامنے پاکستانی فوج کے ہاتھوں بلوچ خواتین کے اغواء، جنسی زیادتیوں اور انسانی حقوق کے خلاف ورزیوں کے خلاف مظاہرہ کیا گیا، احتجاجی مظاہرے کے شرکاء سے بی این ایم کے خارجہ سیکرٹری حمل حیدر بلوچ، بی این ایم لندن زون کے آرگنائزر حکیم واڈیلا، سندھی ورلڈ کانگریس کے لکھو لوہانا، بی این ایم کے سینئر رہنماء حسن دوست بلوچ، بی ایس او آزاد لندن زون کے آرگنائزر سکندر قمبرانی، ممبر عزیز مینگل نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی فوج بلوچستان میں انسانی حقوق کے سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہوکر جنگی جرائم کا مرتکب ہورہا ہے، بلوچ خواتین کو حراست میں لے کر فوجی کیمپوں میں انہیں جنسی زیادتیوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

مقررین نے اپنے خطاب میں بلوچ نوجوانوں، بلوچ آزادی پسند تنظیموں اور انسانی حقوق کے لئے سرگرم کارکنوں سے آئندہ مشترکہ جدوجہد اور پروگرام کے انعقاد پر زور دیا۔ آخر میں عالمی انسانی حقوق کے تنظیموں اور اقوام متحدہ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے بلوچستان میں جاری انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف پاکستان کے خلاف کاروائی کریں۔ جبکہ بی این ایم لندن زون کے ڈپٹی آرگنائزر زاہد بلوچ نے آخر میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔