غیر قانونی تارکینِ وطن کو فوری ملک بدر کیا جائے: ٹرمپ

333

اتوار کو کیے جانے والے اپنے کئی ٹوئٹس میں صدر ٹرمپ نے امریکہ میں جاری غیر قانونی تارکینِ وطن سے متعلق تنازع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ غیر قانونی طور پر امریکہ آنے والے تارکینِ وطن کو کسی قانونی کارروائی کے بغیر فوراً ملک بدر کردیا جانا چاہیے۔

اتوار کو کیے جانے والے اپنے کئی ٹوئٹس میں صدر ٹرمپ نے امریکہ میں جاری غیر قانونی تارکینِ وطن سے متعلق تنازع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ “ہم ان تمام لوگوں کو اپنے ملک پر ہلہ بول دینے کی اجازت نہیں دے سکتے۔” انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکہ کا نظام “اچھی امیگریشن پالیسی اور قانون و انصاف کے ساتھ ایک مذاق ہے۔”

صدر ٹرمپ نے اپنے ایک ٹوئٹ میں یہ دعویٰ بھی کیا کہ امریکہ کے امیگریشن قوانین کا دنیا بھر میں مذاق اڑایا جاتاہے۔

انہوں نے کہا کہ اس نظام میں ان لوگوں کے ساتھ نا انصافی ہورہی ہے جو کئی برسوں تک قطاروں میں کھڑے رہ کر قانونی راستے سے امریکہ آنے کا انتظار کرتے ہیں۔