سعودی عرب کی پہلی سپر ماڈل کےلئےبین الاقوامی شہرت کے دروازے کھل گئے

286

سعودی عرب سے تعلق رکھنے والی 18 سالہ ماڈل اس ملک کی پہلی لڑکی بننے والی ہے جس کے لیے ماڈلنگ کے شعبے میں بین الاقوامی شہرت کے دروازے کھل گئے ہیں۔

18 سالہ تلیدہ تمر سعودی شہر جدہ سے تعلق رکھتی ہیں اور وہ اگلے ماہ پہلی سعودی ماڈل بن جائے گی جو پیرس فیشن ویک میں کیٹ واک کرتی نظر آئیں گی۔

سعودی ماڈل اپنے کیرئیر میں پہلی بار بین الاقوامی جریدے ہارپرز بازار عربیہ کے کور پر بھی جلوہ گر ہوئی ہے۔

اطالوی ماں اور سعودی باپ کے گھر پیدا ہونے والی ماڈل کو توقع ہے کہ وہ سعودی ماڈلز کے لیے تبدیلی لاسکے گی۔

جریدے کو انٹرویو دینے کے دوران تلیدہ کا کہنا تھا ‘جب میں نے ماڈلنگ شروع کی تو میں نے نہیں سوچا کہ میں پہلی سعودی ماڈل ہوں گی جسے بین الاقوامی سطح پر کام کرنے کا موقع ملے گا، مگر اب لگتا ہے کہ یہ انڈسٹری کے لیے مثالی وقت ہے’۔

ماڈل کے مطابق ‘جب میں بڑی ہونے لگی تو سوچتی تھی کہ سعودی خواتین میری طرح نظر کیوں نہیں آتیں، اور آخر کیوں ماڈلنگ کو ہماری ثقافت میں باوقار انداز سے نہیں دیکھا جاسکتا؟’

تلیدہ کی والدہ کرسٹینا تمر بھی ماضی میں ماڈل رہ چکی ہیں جبکہ ان کے والد ایمان تمر، تمر گروپ نامی کاروباری ادارے کے چیئرمین ہیں۔

تلیدہ اس سے پہلے کئی برانڈز کے لیے ماڈلنگ کرچکی ہیں مگر یہ پہلا موقع ہے کہ انہیں کسی بین الاقوامی جریدے کے سرورق پر جگہ ملی ہے۔

ان کا کہنا تھا ‘ میں سعودی خواتین کی نمائندگی کرتی ہوں جو خوبصورت اور مضبوط ہیں اور میں چاہتی ہوں کہ ان کی نمائندگی درست طریقے سے کروں’۔