انتخابی امیدواروں پر حملوں کا خطرہ ہے : سیکرٹری داخلہ

172

  انتخابی امیدواروں پر حملوں کا خدشہ ہے

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک رپورٹ کے مطابق اسپیشل سیکرٹری داخلہ رضوان ملک نے کہا ہے عام انتخابات کے دوران امیدواروں پر مسلح گروپس کی جانب سے حملے ہوسکتے ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ بعض ممالک کی طرف سے بھی انتخابات کو سبو تاژ کرنے کے خدشات موجود ہیں ۔

اسپیشل سیکرٹری داخلہ رضوان ملک نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی داخلہ کوبتایا کہ انتخابات کےدوران 3 سیسنا جہاز سکیورٹی کیلئے ہمہ وقت موجودہوں گے، رینجرز ا ور مختلف صوبوں کی کانسٹیبلریز کاکردارسب سے اہم ہوگا ،صوبوں کے درمیان اعلیٰ سطح پر روابط کیلئے وزیراعظم ہاؤس اور کابینہ ڈویژن کوخطوط لکھے ہیں ، کو آرڈی نیشن کمیٹی کی سربراہی سیکرٹری داخلہ کریں گے۔

ان کاکہنا تھا کہ ایف آئی اے کاکردار امیدواروں کے کاغذات نامزدگیاں جمع ہونے تک تھا۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں سرگرم مسلح تنظیموں نے بھی پاکستانی انتخابات سے لوگوں کو دور رہنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کسی بھی وقت کسی بھی مقام پر حملے کرسکتے ہیں ۔

گذشتہ روز بھی بلوچستان کے علاقے بلیدہ میں انتخابی امیدوار ظہور بلیدی کے گھر پر حملہ ہوا ، جس کے بعد فورسز کی ایک بڑی تعداد موقع پر پہنچ کر ظہور بلیدی کو کانوائے کی صورت میں دوسری جگہ منتقل کردی ۔