کوئٹہ اور قلات میں فائرنگ، چار افراد جانبحق

200

کوئٹہ اور قلات میں مختلف واقعات، چار افراد جانبحق، 1 زخمی

دی بلوچستان پوسٹ ویب ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق کوئٹہ اور قلات میں فائرنگ کے مختلف واقعات کے نتیجے میں مجموعی طور پر چار افراد جانبحق اور ایک زخمی ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں پیش آنے والے دو واقعات میں دو افراد جانبحق ہوگئے جن میں سے پہلا واقعہ کوئٹہ سریاب روڈ کے علاقے فیض آباد میں پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 30 سالہ صدام ولد غلام نبی لاشاری جانبحق ہوگیا، فائرنگ کی وجوہات ذاتی دشمنی بتائی جاتی ہیں۔
جبکہ کوئٹہ میں فائرنگ کا دوسرا واقعہ سمنگلی روڈ پر آخری بس اسٹاپ کے قریب پیش آیا جہاں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے محمد نعیم ولد بخت محمد نورزئی جانبحق ہوگیا، تاہم قتل کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکی۔
دریں اثناء قلات میں فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد جانبحق اور ایک زخمی ہوا۔
تفصیلات کے مطابق قلات بس اڈہ کے قریب ایک ہی قبیلے کے دو ذیلی شاخوں میں پرانی دشمنی کی بناء پر تصادم کے نتیجے میں دو افراد جانبحق اور ایک زخمی ہوا ہے۔