کوئٹہ : سریاب میں ٹیوب ویل خراب ، لوگ پانی کی بوند بوند کےلئے ترستے ہیں

608

کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں ٹیوب ویل خراب ہونے کے سبب پانی بحران پیدا ہوگیا ہے ۔

دی بلوچستان پوسٹ نمائندہ کوئٹہ کے مطابق کوئٹہ سریاب روڑ کے مختلف علاقوں میں پانی کے ٹیوب ویل غیر فعال ہونے کے سبب اہل علاقہ  پانی کی  بوند بوند کو ترسنے کے ساتھ ٹینکر مافیا کے رحم و کرم پر ہیں۔

سریاب روڑ کلی حق آباد کے رہائیشیوں نے کہا کہ   طویل عرصے سے کلی حق آباد و گردونواح کے عوام زندگی کی بنیادی ضرورت پینے کے پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں سابق حکومت کی جانب سے سریاب پیکیج کے تحت ٹیوب ویلز تو نصب کئے گئے لیکن کچھ عرصہ چلنے کے بعد غیرفعال ہوگئے جس سے آبنوشی کا بدترین بحران اور عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے لوگ ٹینکر مافیا کے رحم و کرم پر ہیں ۔

انہوں نے مزید بتایا کہ موسم سرما  شروع ہوتے ہی یہاں پانی کی ضرورت میں اضافہ تو دوسری طرف ٹینکر مافیا کی چاندی ہوگئی جو لوگ پانی خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتے وہ دور افتادہ علاقوں سے پانی لانے پر مجبور ہیں اور اس بار پانی کی بندش کی وجہ عدم ادائیگی بل بتائی جارہی ہے جو قابل تشویش ہے۔

اہل علاقہ نے کہا کہ بارہا متعلقہ حکام کی توجہ اس جانب مبذول کروائی لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی جس سے عوامی حلقے حکومتی عدم توجہی پر سخت نالاں ہیں۔