کاہان میں تیل تلاش کرنے والے اہلکاروں پر حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں – بی ایل اے

149

بلوچ لبریشن آرمی کے ترجمان آزاد بلوچ نے نامعلوم مقام سے سیٹلائٹ فون پہ میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ شب ہمارے سرمچاروں نے کاہان تحصیل کے علاقے کوہ بھمبور دیگی مند کے مقام پر پاکستانی فورسز پر اس وقت جدید ہتھیاروں سے حملہ کیا، جب فورسز اور تیل تلاش کرنے والی کمپنی کے کارکنان علاقے میں رات گزارنے کیلئے کیمپ کر رہے تھے۔ اس دوران بلوچ سرمچاروں اور پاکستانی فورسز کے درمیان ڈیڑھ گھنٹے تک جھڑپ جاری رہی۔ اس دو بہ دو لڑائی میں متعدد سیکیورٹی اہلکار اور تیل تلاش کرنے والی کمپنی کے کارکن ہلاک اور زخمی ہوئے۔

آزاد بلوچ نے کہا کہ ہماری تنظیم بلوچ لبریشن آرمی اس حملے کی ذمہ داری قبول کر تی ہے اور تیل تلاش کرنے والی کمپنیوں اور بلوچستان کے وسائل لوٹنے کی غرض سے بلوچستان کا رخ کرنے والی دیگر کمپنیوں کو ہم خبردار کرتے ہیں کہ وہ اپنی ان گھناؤنی عزائم سے باز آجائیں ورنہ ان کا انجام برا ہوگا۔ ہم بلوچ قوم کے وسائل کو لوٹنے کی ہرگز اجازت نہیں دے سکتے۔ نہ ہی بلوچ عوام کی مرضی کے برخلاف کوئی ان وسائل کو لوٹ سکتا ہے۔

آزاد بلوچ نے مزید کہا کہ پاکستانی فورسز نے تیل نکالنے کی غرض سے کوہستان مری میں جس شدت سے آپریشن شروع کیا ہے، اسی شدت سے بلوچ مسلح تنظیموں کے سرمچاروں نے بھی ان پہ حملہ کرکے ان کے عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے۔ اس لئے اب فورسز پسپائی اختیار کر رہےہیں۔ آزاد بلوچ نے کہاکہ ہماری کاروائیاں بلوچ قومی آزادی تک جاری رہینگی۔