پورٹ الزبیتھ: جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں فتح، انڈیا کی ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن

175

انڈیا نے جنوبی افریقہ کو چھ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پانچویں میچ میں 73 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر کے آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

انڈیا کو اب چھ میچوں کی سیریز میں 4-1 کی ناقابل شکست برتری حاصل ہوگئی ہے۔

منگل کو پورٹ الزبیتھ میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تو انڈیا کی جانب سے روہت شرما کی سینچری کی بدولت انڈین ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 274 رنز بنائے۔

روہت شرما نے 11 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 115 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، یہ روہت شرما کے ایک روزہ کیریئر کی17 ویں سینچری تھی۔

روہت شرما کے علاوہ شکھر دھون 34 ، وراٹ کوہلی 36 اور شریاس ایئر 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ جنوبی افریقہ کی جانب سے لنگی نگیڈی ایک بار پھر کامیاب بولر رہے اور انھوں نے چار وکٹیں حاصل کی۔

سیریز بچانے کے لیے جنوبی افریقہ کے لیے اس میچ میں فتح ناگزیر تھی لیکن 275 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 43ویں اوور میں 201 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

2075 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقی اوپنر ہاشم آملہ اور مرکرم نے نسبتا عمدہ آغاز فراہم کیا اور بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے سکور 50 تک پہنچا دیا تاہم اس کے بعد وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوا جو تھم نہ سکا۔