دالبندین : حاجیوں سے رشوت لیکر پاسپورٹ جاری کیا جارہا ہے

239

حج کا سیزن شروع ہونے کے باوجود ضلع چاغی میں پاسپورٹ کی حصول کے لیئے سائلین شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

سخت شرائط اور پاسپورٹ کے حصول کو کمپیوٹرائزڈ لوکل سرٹیفیکٹ کی حصول سے مشروط کرنا دہرا عذاب بن چکاہے۔

دی بلوچستان پوسٹ کے نمائندے کے مطابق سائلین نے وفاقی محکمہ داخلہ کے حکام، ڈی سی چاغی اور دیگر ذمہ دار افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ دالبندین پاسپورٹ آفس سے پاسپورٹ کا حصول آسان بنایا جائے تاکہ حج کے لیئے جانے والے سائلین کی مشکلات کم ہوسکیں۔

سائلین نے ہر شخص کے پاسپورٹ کی فارم کو تصدیق کروانے، کمپیوٹرائزڈ لوکل کو لازمی قرار دینے اور دیگر سخت شرائط کو ظلم قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاسپورٹ آفس سے لوکل سرٹیفیکٹ کے دفتر اور ڈی سی آفس کا چکر لگانے کے دوران سائلین کو کئی کئی روز خوار ہونا پڑتا ہے جبکہ اس دوران کلرکس اور سرکاری اہلکاروں کو رشوت دینا بھی پڑتا ہے ۔

سائلین نے کہا کہ پرانے لوکل سرٹیفیکٹس باقاعدہ طور پر منسوخ نہیں کیئے گئے ہیں لیکن پاسپورٹ آفس کے اہلکار ان کو قبول نہیں کرتے جو زیادتی ہے اس لیے حکام کو چاہیے کہ حج پر جانے کے خواہشمند افراد اور دیگر سائلین کے لیئے پاسپورٹ کی حصول کے سلسلے میں درپیش غیر ضروری مشکلات دورکرائیں۔