افغانستان : جلال آباد میں خود کش حملہ 8 افراد جابحق 15 زخمی

178

افغانستان سے موصولہ اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ مشرقی صوبے ننگرہار کے دارالخلافہ میں خودکش دھماکے سے 8 افراد ہلاک جب کہ 15 زخمی ہو گئے۔

افغان میڈیا کے مطابق جلال آباد میں خود کش بمبار نے عوامی احتجاج کے دوران خود کو دھماکا خیز مواد کی مدد سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے، زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ابتدائی رپورٹس کے مطابق دھماکا اس وقت ہوا جب لوگ بڑی تعداد میں ضلع خیوا میں امن وامان کی خراب صورت حال کے باعث احتجاج کر رہے تھے تاہم کسی بھی گروپ نے دھماکے کی ذمے داری قبول نہیں کی ہے جب کہ حکام کے مطابق پتہ لگایا جا رہا ہے کہ دھماکا خودکش تھا یا پھر بارودی مواد پہلے سے نصب تھا۔