کرد جنگجوؤں کے خلاف کارروائی میں ترکی عراق سے مکمل تعاون کو تیار

154

ترکی نے عراق میں کالعدم کرد جنگجو گروپ کردستان ورکرز پارٹی ( پی کے کے) کے خلاف کارروائی کے لیے بغداد حکومت کو مکمل تعاون کی پیش کش کی ہے۔

ترک وزارت خارجہ نے سوموار کو ایک بیان میں کہا ہے کہ انقرہ عراق میں امن اور استحکام کے لیے بغداد کے ساتھ کھڑا ہے۔

ترکی کی جانب سے یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب عراقی فورسز نے شمالی شہر کرکوک کے نزدیک کرد جنگجوؤں کی متعدد پوزیشنوں پر قبضہ کر لیا ہے اور کرد جنگجو وہاں سے پیچھے ہٹ گئے ہیں۔

عراقی حکومت نے گذشتہ روز کرد حکام پر ترکی کی علاحدگی پسند مسلح جماعت کردستان ورکرز پارٹی کے جنگجوؤں کو کر کوک میں لانے کا الزام عاید کیا تھا اور ان کے اس اقدام کو ’’اعلانِ جنگ‘‘ قرار دیا تھا۔

تاہم اس نے اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ وہ کرکوک اور دوسرے متنازع علاقوں میں اپنی عمل داری قائم کرے گی۔دوسری جانب کردستان کے علاقائی صدر مسعود بارزانی کے ایک معاون نے پی کے کے کے جنگجوؤں کی کرکوک میں موجودگی کی تردید کی تھی۔