سعودی عرب؛ شاہی محل کے دروازے پر فائرنگ، دو محافظ جانبحق

188

سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق ہفتے کے روز شہر جدہ میں شاہی محل کے باہر فائرنگ کے واقعے میں دو سکیورٹی گارڈز ہلاک اور دیگر تین محافظ زخمی ہو گئے ہیں۔

سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایک 28 سالہ شخص ڈرائیو کرتا ہوا جدہ کے ‘السلام محل’ کے دروازے تک پہنچ گیا اور اس نے سکیورٹی پر تعینات محافظوں پر گولیاں چلائیں۔اس شخص کا نام منصور العمری بتایا گیا ہے اور وہ سعودی عرب کا باشندہ ہے۔

اس سے قبل امریکی سفارتخانے کی جانب سے علاقے میں کسیا ایسے حملے کے ہونے کے بارے میں متنبہ کیا تھا۔

ایک مختصر سے بیان میں امریکی سفارتخانے نے کہا تھا ’جاری پولیس سرگرمی کے پیش نظر امریکی شہریوں کو یہ صلاح دی جاتی ہے کہ وہ اس علاقے میں سفر کرنے کے دوران احتیاط برتیں۔‘

مقامی میڈیا نے بتایا کہ فائرنگ کا یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق سوا تین بجے دوپہر کو ہوا تھا۔

سکیورٹی پر تعینات محافظوں نے حملے کو روکا اور حملہ آور کو ہلاک کر دیا۔ اس حملے کے بارے میں یا پھر حملہ آور کے مقصد کے بارے میں مزید تفصیلات نہیں ظاہر کی گئیں۔

سعودی عرب کی نیوز ایجنسی ایس پی اے نے بتایا کہ کئی دن قبل سعودی پولیس نے دارالحکومت ریاض میں تین مقامات پر چھاپے مارے تھے۔

یہ چھاپے جنگجو تنظیم دولت اسلامیہ کے مشتبہ ’دہشت گرد سیل‘ سے تعلقات کے سلسلے میں مارے گئے تھے جس میں دو افراد ہلاک ہوئے تھے اور پانچ افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔