تیرہ نومبر بلوچ عوام کے لئے تجدید عہد کا دن ہے:بی ایس او آزاد

457

بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن آزاد کے مرکزی ترجمان نے 13نومبر کو یومِ بلوچ شہدا بھرپور طریقے سے منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی بلوچ شہدا کی یاد میں 13نومبر عظیم بلوچ شہدا کی منا سبت سے منایا جا ئے گا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچ شہدا تمام طبقہ ہائے فکر کے عوام کے لئے یکساں طور پر قابلِ احترام ہیں، کیوں کہ انہوں نے قومی آزادی اور خوشحالی کی خاطر اپنی قیمتی زندگیاں قربان کی ہیں۔ شہید نواب محراب خان سے پہلے اور اب تک جب بھی مادر وطن کو ضرورت محسوس ہوئی ہے بلوچ فرزندوں نے کسی پس و پیش کے بغیر اپنی جانیں قربان کی ہیں، یہی وجہ سے ہے کہ طویل غلامی اور بے اختیاری کے باوجود بلوچ عوام کا تعلق اپنی زمین اور قومی ثقافت سے کمزور نہیں ہوا ہے۔

13نومبر کی تاریخی اہمیت کا زکر کرتے ہوئے بی ایس او آزاد کے ترجمان نے کہا 1839کی اسی تاریخ کو انگریزوں نے بلوچ سرزمین پر قبضہ کرنے کی غرض سے قلات پر حملہ کردیا، لیکن قومی آزادی کی دفاع میں لڑنے کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے خان محراب خان نے انگریزوں کا دیدہ دلیری سے مقابلہ کیا، انگریزوں کی غلامی قبول کرنے کے بجائے انہوں نے مرنے کو ترجیح دی۔ انگریزوں کے خلاف جدوجہد کرتے ہوئے محراب خان سمیت متعدد بلوچ وطن کے سپاہی شہید ہوگئے، اُس کے بعد سے اب تک برطانیہ اور پاکستان کی قبضہ گیریت کے خلاف ہزاروں بلوچوں نے اپنی جانیں قربان کیں اور لاکھوں نے اپنا گھر بار چھوڑ دیا۔ 13نومبر کا دن بلوچ عوام کے لئے تجدید عہد کا دن ہے، اسی دن کو قومی آزادی کے لئے جان کی قربانی دینے والے شہدا کو یاد کرکے یہ عہد کیا جاتا ہے کہ قومی آزادی کی بحالی تک قابض قوتوں کے خلاف بلوچ عوام ہر محاز پر جدوجہد جاری رکھے گی۔

بی ایس او آزاد ترجمان نے کہا کہ اس دن کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے بی ایس او آزاد نے 10نومبر 2010کے ایک اعلامیے میں اس دن کو بطور یومِ شہدا منانے کا اعلان کیا تھا۔ بی ایس او آزاد بلوچ قومی آزادی کے لئے سرگرم پارٹیوں اور بلوچ عوام سے امید کرے گی کی کہ وہ 13نومبر کو شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے بطورِ یومِ شہدا منائیں گے۔

بی ایس او آزاد نے 13نومبر کو لندن میں شہدا کی یاد میں کانفرنس اور بلوچستان بھر کے تمام زونوں میں ریفرنسز منعقد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے تمام زونوں کو تاکید کی کہ وہ یومِ شہدا کی مناسبت سے پروگرام منعقد کریں۔انہوں نے سوشل میڈیا میں موجود کارکنوں سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ #13NovBalochMartyrsDay کا ٹیگ استعمال کرکے اس دن کے حوالے سے آگاہی پھیلائیں۔