پاکستانی فوج کے مطابق ورکنگ باؤنڈری پر انڈین فوج کی فائرنگ سے کم از کم چھ پاکستانی شہری ہلاک اور 26 زخمی ہو گئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا کہ انڈین فوج نے امن کے عالمی دن کے موقع پر ورکنگ باؤنڈری کے چھپر، ہرپال اور چارواہ سیکٹر میں فائرنگ کی جس سے عام شہری ہلاک اور زخمی ہوئے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ انڈین فوج نے ورکنگ باؤنڈری پر بلااشتعال فائرنگ کی۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق پنجاب رینجرز نے انڈیا کی جارحیت کا بھرپور جواب دیا اور ورکنگ باؤنڈری کو نشانہ بنانے والی انڈین چوکیوں پر فائرنگ کی۔

واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے بھی بھارتی فوج کی ورکنگ باؤنڈری پر فائرنگ اور گولہ باری سے دو افراد ہلاک ہوئے تھے۔

انڈیا کی جانب سے ورکنگ باؤنڈری پر فائرنگ کا یہ واقعہ پاکستان کے وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی کے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں دیے جانے والے بیان کے بعد سامنے آیا ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر انڈیا نے ایل او سی کو پار کرنے کی کوشش کی یا پاکستان کے خلاف ’محدود جنگ‘ کی پالیسی پر عملدرآمد کیا تو اس کا بھر پور جواب دیا جائے گا۔