افغانستان کے دارالحکومت کی مسجد میں دہشتگردوں کے حملے کے نتیجے میں 20 سے زائد افراد جاں بحق اور 35 زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایک خود کش حملہ آور نے پہلے خود کو دھماکے سے اڑایا جس کے بعد مسلح افراد مسجد کے اندر گھس گئے اور فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں درجنوں افراد جانبحق ہوگئے ہیں۔

افغان میڈیا کے مطابق وزارت صحت نے 20 سے زائد افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حملے میں 35 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جب کہ جاں بحق ہونے والوں میں 2 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں، دھماکے کے وقت مسجد کے اندر نمازی بڑی تعداد میں موجود تھے۔

افغان سیکیورٹی فورسزنےعلاقے کوگھیرے میں لے کر دہشتگردوں کے خلاف 5 گھنٹے تک آپریشن کیا جس کے بعد تینوں دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔