بلوچ نیشنل موومنٹ کے مرکزی ترجمان نے کہا کہ بارہ اگست کو جرمنی میں بی این ایم ڈائسپورا میٹنگ اور جرمنی زون کا جنرل باڈی اجلاس منعقد ہوا، جس میں عالمی صورتحال، تنظیمی امور کے ایجنڈا پر بحث ہوئی اور جرمنی زون کے انتخابات ہوئے۔ اجلاس کی صدارت جرمنی زون کے صدر غفار بلوچ نے کی۔

اجلاس سے بی این ایم کے خارجہ سیکرٹری حمل حیدر، بی این ایم نارتھ امریکہ کے کنوینر ڈاکٹر ظفر بلوچ، ڈپٹی کنوینر نبی بخش بلوچ، یورپ کے کنوینر ڈاکٹر نسیم بلوچ اور غفار بلوچ نے خطاب کیا۔ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض محمد علی زیب نے سر انجام دیئے۔ مقررین نے کہا کہ عالمی حالات تیزی سے بدل رہے اور ہماری ذمہ داریاں دوگنا ہورہی ہیں کیونکہ بلوچستان میں پاکستانی فورسز نے عوامی اور پبلک سیاست پر غیر اعلانیہ پابندی لگائی ہے۔ کسی بھی سیاسی کارکن اور بلوچ قومی سوچ رکھنے والے کو کہیں بھی دیکھ کر قتل کیا جاتا ہے۔ پاکستانی فوج کے ساتھ پاکستان کے ڈیتھ اسکواڈ اور مذہبی انتہا پسندوں کو بھی بلوچ قومی تحریک کے خلاف متحرک کیا گیا ہے۔ ایسے میں ایک منظم تنظیم اور نظم و ضبط ہی ہمیں اپنے مقاصد کی تکمیل میں کارگر ثابت ہو سکتا ہے، جو بی این ایم کی شکل میں ہمارے پاس موجود ہے۔

مقررین نے کہا کہ یہ تنظیم اور نظریہ کی وجہ ہے کہ ہم مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے کے باوجود یہاں ایک ہی خاندان کے افراد کی طرح رہ رہے ہیں۔ یہ ہماری اپنے کاز سے کمٹمنٹ اور مکمل وابستگی کا ثبوت ہے۔ اسے بار آور بنانے کیلئے ہمیں مزید منظم ہوکر کام کرنا ہوگا۔ یقیناًبی این ایم کی قیادت اور کارکنوں میں یہ صلاحیت موجود ہے کہ وہ اسی طرح اپنا نمایاں کردار ادا کرتے رہیں۔

آخر میں جرمنی زورن کے انتخابات ہوئے ، جس میں غفار بلوچ بلا مقابلہ صدر، محمد علی زیب نائب صدراور بابا بوہیر فنانس سیکرٹری منتخب ہوئے۔ جبکہ جنرل سیکرٹری کیلئے اسد بلوچ اور ظفر بلوچ کے درمیان مقابلہ ہوا اور ظفر علی جیت کر جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے۔ ڈپٹی سیکرٹری کیلئے عدنان بلوچ اور نیاز بلوچ کے درمیان مقابلہ ہوا، جس میں عدنان بلوچ جیت کر ڈپٹی سیکرٹری منتخب ہوا۔ الیکشن کمیٹی کے چیئرمین حمل حیدر نے نئی کابینہ سے حلف لیا۔