بھارت کے مذہبی رہنما گرو گرمیت رام رحیم سنگھ پر جنسی زیادتی کا جرم ثابت ہونے پر ریاست ہریانہ میں ہنگامے پھوٹ پڑے جب کہ پرتشدد واقعات میں 28 افراد ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق بھارتی ریاست ہریانہ کی خصوصی عدالت نے مذہبی رہنما گرو گرمیت رام رحیم سنگھ پر 2 خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے مقدمے میں فرد جرم عائد کردی جس کے بعد فوجی اہلکاروں نے گرو کو حفاظتی تحویل میں لے کر ویسٹرن کمانڈ ہیڈ کوارٹر منتقل کر دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فیصلے کے انتظار میں عدالت کے باہر موجود مذہبی پیشوا کے پیرو کاروں نے عدالتی فیصلہ مسترد کرتے ہوئے ہنگامہ آرائی شروع  کردی جس کے دوران درجنوں گاڑیوں کو آگ لگا دی گئی جب کہ 2 پٹرول پمپوں سمیت اہم سرکاری عمارتیں بھی نذر آتش کردی گئیں، پرتشدد واقعات میں 28 افراد ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہوگئے۔

واضح رہے گورو گرمیت رام سنگھ پر 2002 میں 2 عقیدت مند خواتین کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنائے جانے کا الزام تھا۔